(جیو ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان کی بقا وسلامتی جمہوریت میں ہی ہے لہذاعوام 11مئی کوگھروں سے نکلیں، جسے چاہیں ووٹ دیں مگرووٹ کاحق ضروراستعمال کریں۔ انہوں نے یہ بات آج قوم کے نام اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہی۔ اپنے پیغام میں الطاف حسین نے کہاکہ ایک مذہبی انتہاپسند دہشت گردگروپ نے الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیامیں اپنے پیغام میں باقاعدہ اعلان کیا۔
جمہوریت کفرہے اورالیکشن میں ووٹ ڈالنابھی کفرہے،ہم جمہوریت پسنداورلبرل قوتوں کوالیکشن میں حصہ لینے نہیں دینگے۔اس انتہاپسندگروپ نے ایم کیوایم ،اے این پی اور پیپلزپارٹی کاباقاعدہ نام لیکرانہیں دہشت گردی کانشانہ بنایا،تینوں جماعتوں کے رہنماوں، امیدواروں اورکارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی ،دفاترپر بموں سے حملے کئے گئے ۔
جس کاسلسلہ اب بھی جاری ہے ۔الطاف حسین نے کہاکہ ہم سرکاردوعالم اوربزرگان دین اوراولیائے کرام کے صدقے اللہ تعالی سے مدداورتائیدکے طلبگارہیں۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردعناصر کے تمام بزدلانہ حملو ں کے باوجود ہمارے حوصلے بہت بلندہیں، ہماراعزم ہے کہ تمام تردہشت گردیوں،پریشانیوں اوررکاوٹوں کے باوجودانتخابات میں حصہ ضرورلیں گے اورانتہاپسندقوتوں کے آگے ہتھیارنہیں ڈالیں گے ۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جرات وبہادری کے ساتھ ڈٹے رہیں اورتمام ترحالات کاجرات وہمت کے ساتھ مقابلہ کریں اور11مئی کو علی الصبح پولنگ اسٹیشن جاکراپناووٹ استعمال کریں۔میں عوام سے کہتاہوں کہ وہ جسے چاہیں ووٹ دیں لیکن اپنا ووٹ ضرورکاسٹ کریں کیونکہ پاکستان کی بقا وسلامتی جمہوریت ہی میں ہے ۔ اپنے پیغام میں انہو ں نے دعاکی کہ اللہ تعالی پاکستان کوایک خوشحال اورترقی یافتہ ملک بنانے کی جانب گامزن کرے اوریہ اسی وقت ہوسکتاہے کہ ہم جمہوری عمل جاری رکھیں اورجمہوری عمل میں آنے والی رکاوٹوں کامردانہ وار مقابلہ کریں