کراچی : ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان وسیم آفتاب اور ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا ہے کہ عوام اپنا ووٹ سوچ سمجھ کر استعمال کریں متحدہ قومی موومنٹ کے نامزد اُمیدواروں کو پورے ملک سے بھاری اکثریت سے کامیاب کرا کر ملک سے بھوک و افلاس ،غربت اور بے روز گاری کے ساتھ جاگیردراری نظام اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی میں شاہ فیصل سیکٹر کے زیر اہتمام انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر حق پرست اُمیدوار قومی اسمبلی حلقہNA-256اقبال محمد علی خان ،صوبائی اسمبلی حلقہ PS-119کے اُمیدوار ارتضیٰ فاروقی اور صوبائی اسمبلی حلقہ PS-120کے اُمیدوار نشاط محمد ضیاء قادری بھی موجو دتھے۔
شاہ فیصل کالونی انتخابی مہم کے آخری روز شاہ فیصل سیکٹر کے زیر اہتمام پتنگ میلہ اور ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں تمام مکاتب فکر ،زبان اور لسان کے لوگوں نے شرکت کی ،اس موقع پر عوام نے ایم کیو ایم کی بھر پور حمایت کا علان کرتے ہوئے زبان اور لسان کو بالائے طاق رکھ کر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے نامزد اُمیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنا نے کا کی اپیل کی۔
شاہ فیصل کالونی میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان وسیم آفتاب اور ڈاکٹر صغیر احمد نے کہاکہ عوام 11مئی کو مکمل اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کریں اور اپنے ووٹ کے ذریعے اپنے اختیارات کے حصول کے لئے پتنگ کے نشان پر مہر لگا کر حق پرست نمائندوں کا انتخاب کریں۔