عوام ووٹ ڈالیں، انتقال اقتدار میں ایک سیکنڈ کی تاخیر نہیں ہو گی، عارف نظامی

Arif Nizami

Arif Nizami

اسلام آباد (جیوڈیسک)وفاقی وزیراطلاعات عارف نظامی نے کہا ہے کہ نگران حکومت کی حکمت عملی کے باعث الیکشن کے بارے میں شکوک شہبات دور ہو گئے۔ عوام ووٹ ڈالیں انتقال اقتدار میں ایک سیکنڈ کی تاخیر نہیں ہو گی۔پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد میں انتخابی نتائج کے حوالے سے قائم ذرائع سنٹر کے افتتاح کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات عارف نظامی نے کہا کہ انتخابات کیحوالے سے تمام پیشگوئیاں دم توڑ گئی ہیں اور اب انتخابات ہو رہے ہیں۔

نگران حکومت نے اپنی حکمت عملی سے اپنے ناقدین کو بھی یہ کہنے پر مجبورکر دیا ہے کہ نگران حکومت انتخابات کرانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال اگرچہ خراب ہے لیکن بہت سے واقعات کو رونما ہونے سے روکا گیا ہے۔ فوج نے بھی سول حکومت کی طلب سے زیادہ نفری فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انتخابی عمل سبو تاژ کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

طاہرالقادری کے دھرنوں کے حوالے سے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نہ وہ پہلے انتخابات ملتوی کرا سکے نہ اب کچھ کر سکیں گے۔ طاہر القادری انتخابات کے اسٹیک ہولڈر نہیں ہیں اسلئے ان کے بارے میں بات کرنا بھی فضول ہے۔