چکوال کی خبریں 10.05.2013
Posted on May 11, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
ضلع چکوال کی دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع چکوال کی دو قومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ضلع چکوال میں انتظامیہ کی مدد کے لئے فوجی دستے چکوال پہنچ گئے ہیں جو امن و امان قائم رکھنے کے لئے ہر وقت گشت پر موجود ہوں گے۔ ضلع چکوال میں مجموعی طور پر 770 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ حلقہ این اے 60 کے لئے 397 جبکہ حلقہ این اے 61 کے لئے 373 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ حلقہ این اے 60 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 86 ہزار 70 ہے جبکہ حلقہ این اے 61 کے لئے رجسٹرڈ ووٹرز 4 لاکھ 63 ہزار 677 ہیں۔ مجموعی طور پر ضلع چکوال میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 9 لاکھ 20 ہزار 972 ہے۔ پولنگ کا عملہ جمعے کے روز پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچا دیا گیا ہے اور اس ضمن میں ریٹرننگ آفیسرز نے تمام انتخابی میٹریل پریزائیڈنگ افسروں کے حوالے کر دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آزاد پینل کے سربراہ سردار غلام عباس کا بھرپور شو آف پاور اور چکوال شہر کی پانچوں یونین کونسلوں سے ہزاروں لوگوں نے آزاد پینل کے اس آخری اجتماع میں بھرپور شرکت کی
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) آزاد پینل کے سربراہ سردار غلام عباس کا بھرپور شو آف پاور اور چکوال شہر کی پانچوں یونین کونسلوں سے ہزاروں لوگوں نے آزاد پینل کے اس آخری اجتماع میں بھرپور شرکت کی۔ غلہ منڈی میں منعقد ہونے والے اس جلسے میں عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس سے چکوال شہر میں آزاد پینل کی کامیابی یقینی ہو گئی۔ سردار غلام عباس نے پُرجوش حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے اپنی زندگی کا سب سے بڑا مشکل فیصلہ کیا اور اپنے ساتھیوں کی مشاورت سے صرف اللہ تعالیٰ کے بھروسے پر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نے ہمارا مذاق اُڑایا مگر اللہ تعالیٰ کے حکم سے اور اُس کی خصوصی مدد سے ہمیں یقین ہے کہ 11 مئی کو آخری فتح ضلع چکوال
کے عوام کی ہو گی۔ جو باشعور ہیں اور اُنہوں نے کھوٹے اور کھرے میں تمیز کر لی ہے۔ اس موقع پر قدم بڑھاؤ سردار عباس ہم تمہارے ساتھ ہیں کے فلک شگاف نعرے لگائے جاتے رہے۔ جلسے سے حلقہ پی پی 20 کے اُمیدوار چوہدری اعجاز حسین فرحت نے بھی خطاب کیا۔ جلسے میں ہزاروں افراد کی شرکت نے بارہ سنگھا کی کامیابی دے دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یونین کونسل بھیں اور پادشاہان میں مسلم لیگ (ن) کا شو آف پاور۔ ورکرز کنونشن کا انعقاد
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) یونین کونسل بھیں اور پادشاہان میں مسلم لیگ (ن) کا شو آف پاور۔ ورکرز کنونشن کا انعقاد مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے رُکن لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم کی رہائش گاہ قصبہ پادشاہان میں منعقد ہوا جس میں ضلعی صدر چوہدری لیاقت علی خان، راجہ مجاہد افسر، مہوش سلطانہ، ملک خالد نوابی، راجہ ساجد اقبال، ملک کاشف حبیب، چوہدری مشتاق حسین تھنیل کمال اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنرل عبد القیوم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کے تلہ گنگ اور میاں شہباز شریف کے چکوال جلسے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے تمام چھ اُمیدواروں کی کامیابی یقینی ہو چکی ہے اور 11 مئی کو بس ایک رسمی کارروائی ہونا باقی ہے۔ اس موقع پر کنونشن میں موجود کارکنوں اور عمائدین نے ہاتھ کھڑے کر کے یقین دلایا کہ وہ 11 مئی کو شیر کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پہلوان گروپ کے حلقہ پی پی 20 کے اُمیدوار شیخ وقار علی نے انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں بھرپور شو آف پاور کرتے ہوئے اپنے مرکزی الیکشن آفس سے بھرپور انتخابی ریلی نکالی
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پہلوان گروپ کے حلقہ پی پی 20 کے اُمیدوار شیخ وقار علی نے انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں بھرپور شو آف پاور کرتے ہوئے اپنے مرکزی الیکشن آفس سے بھرپور انتخابی ریلی نکالی جو مقامی میرج ہال پہنچ کر ایک بڑے جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء بھرپور نعرہ بازی کر رہے
تھے اور آگئی بالٹی، چھا گئی بالٹی کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ شیخ وقار علی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں دستکاروں، محنت کشوں اور نچلے طبقے کے لوگوں کا نمائندہ ہوں جبکہ میرا مقابلہ پیشہ ور سیاستدانوں سے ہے جو کئی باریاں لے چکے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آزاد پینل کے سربراہ اور سابق ضلع ناظم چکوال سردار غلام عباس نے جمعے کے روز بتایا کہ قومی اسمبلی کی نشست کے ساتھ ساتھ میرے لئے دونوں صوبائی اسمبلی کی نشستیں بھی بڑی اہم ہیں
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) آزاد پینل کے سربراہ اور سابق ضلع ناظم چکوال سردار غلام عباس نے جمعے کے روز بتایا کہ قومی اسمبلی کی نشست کے ساتھ ساتھ میرے لئے دونوں صوبائی اسمبلی کی نشستیں بھی بڑی اہم ہیں اور ان دونوں نشستوں کی عدم موجودگی میری قومی اسمبلی کی نشست کی کامیابی کو دُھندلا دے گی لہٰذا 11 مئی کے الیکشن کے حوالے سے میری عوام سے خصوصی اپیل ہے کہ وہ دونوں صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر چوہدری اعجاز فرحت حلقہ پی پی 20 اور ملک اختر شہباز حلقہ پی پی 21 کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ سردار غلام عباس نے مزید کہا کہ 11 مئی کو ضلع چکوال میں ایک نئی انتخابی سیاسی تاریخ لکھی جانے والی ہے اور آزاد اُمیدوار کی حیثیت سے عوام نے جس طرح اُن کی پذیرائی کی ہے وہ ساری زندگی نہیں بھول سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد اُمیدوار حلقہ این اے 60 راجہ ثناء الحق نے کہا ہے کہ ضلع چکوال کی عوام کے ہاتھ میں ہے
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد اُمیدوار حلقہ این اے 60 راجہ ثناء الحق نے کہا ہے کہ ضلع چکوال کی عوام کے ہاتھ میں ہے کہ وہ اپنے مفادات کا فیصلہ خود کرے۔ 11 مئی کو فیصلہ چکوال کی عوام نے اپنے ہاتھوں سے کرنا ہے۔برادری ازم اور فرقہ واریت سے ہٹ کر چکوال کی قسمت کا فیصلہ کریں جو امیدوار آپ کے سامنے ہیں ان میں سے برسوں نے کوئی نہ کوئی MNA MPA بنا ہوا ہے۔ جس نے چکوال کو ترقی دینے کی بجائے اندھیروں میں ڈال دیا۔تھانہ کچہری اور
گلی نالیوں کی سیاست کی گئی۔ وہ قصبہ ڈب میں کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر متعدد برادریوں نے راجہ ثناء الحق اور شاہ جہان سرفراز راجہ کی حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہم پر اعتماد رکھیں ۔ضلع چکوال کو ماڈل ضلع بنایا جائیگا۔بے روزگاروں کو میرٹ پر روز گار ملے گا۔آپ کے مسائل کو ہم آگے لیکر جائیں گے۔حضرت علی کا فرمان ہے کہ مومن ایک دفعہ ڈسا جاتا ہے بار بار نہیں۔ان پرانے موروثی سیاستد انوں جن کا جاگیردارنہ نظام اب تک چکوال میں چل رہا ہے ختم ہو جائیگا۔ انشاء اللہ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ یاسر سرفراز، علی ناصر بھٹی اور پیر شوکت حسین کرولی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ضلع چکوال میں تبدیلی کی ہوائیں چل پڑی ہیں
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجہ یاسر سرفراز، علی ناصر بھٹی اور پیر شوکت حسین کرولی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ضلع چکوال میں تبدیلی کی ہوائیں چل پڑی ہیں اور 11 مئی کو عوام ایک نیا پاکستان بنانے کے لئے پُرعزم ہو چکے ہیں اور تحریک انصاف کی کامیابی یقینی ہے۔ اپنے حلقوں میں مختلف آخری کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے راجہ یاسر سرفراز نے کہا کہ لوگ موجودہ نظام سے تنگ آچکے ہیں۔ علی ناصر بھٹی نے کہا کہ کئی باریاں لینے والوں کا 11 مئی کو کڑا احتساب ہو گا۔ اُدھر پیر شوکت حسین کرولی نے کہا کہ میرے مخالفین کو اپنے گھر سے بھی شکست ہو رہی ہے۔ لوگ جاگ چکے ہیں اور گذشتہ پانچ سالوں میں جو انتقامی کارروائیاں کی گئیں اُس کا حساب عوام 11 مئی کو لیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جمعے کے روز حبس اور گرمی کے بعد اچانک طوفان بادو باراں کے بعد ہلکی بارش نے موسم انتہائی خوشگوار بنا دیا
چکوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جمعے کے روز حبس اور گرمی کے بعد اچانک طوفان بادو باراں کے بعد ہلکی بارش نے موسم انتہائی خوشگوار بنا دیا۔ جمعے کی نماز کے بعد ہلکی بارش بھی ہوئی۔ ضلع چکوال میں گندم کی کٹائی کا مرحلہ 90 فیصد مکمل ہو
چکا ہے جبک کٹی ہوئی گندم ابھی کھیتوں میں موجود ہے اور بارش گندم کے لئے سخت نقصان دہ ہے۔