کراچی (جیوڈیسک)ملک بھر میں عام انتخابات کے موقع پر دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں،کراچی میں اے این پی کے دفتر کے قریب دھماکے سے 11 افراد جاں بحق جبکہ تین درجن سے زائد افراد زخمی ہو گئے،دھماکے کیخلاف اے این پی کے کارکنوں نے احتجاج اور پولیس پر پتھرائو کیا۔لانڈھی میں داد چورنگی کے قریب پی ایس 128 سے اے این پی کے امیدوار امان اللہ کے دفتر کے قریب دھماکا ہو گیا۔
جس سے امان اللہ کے ساتھی مارے گئیتاہم امان اللہ واقعے میں محفوظ رہے،زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔کراچی میں دوسرا دھماکہ قائد آباد میں ہوا۔ڈیرہ مراد جمالی چھتر کے علاقے میں بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔ خیبر ایجنسی جمرود بازار میں شر پسندوں نے پولنگ سٹیشن کے قریب دھماکا کیا۔گوادر ائیر پورٹ کے قریب راکٹ فائر کیا گیا،تاہم اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا ۔
ہنگو کے علاقے علی آباد میں گندگی کے ڈھیر سے بم برآمد ہوا جسے بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا،چارسدہ کے علاقے کتوزئی میں اے این پی کے انتخابی دفتر میں دھما کے سے دفتر کو جزوی نقصان پہنچا۔
نوشکی میں ایف سی چیک پوسٹ پر پانچ راکٹ فائر کئے جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ لورالائی میں کچی جوگیانی پولنگ سٹیشن کے قریب راکٹ فائر کیا گیا تاہم اس سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔