لاہور(جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ وہ اپنی پانچ سالہ کارکردگی اور عوامی خدمت کی بنیاد پر جیت کے لئے پرعزم ہیں،کہتے ہیں کہ سورج ڈھلتے ہی امیدواران خوشخبریوں کے تحفے دیں گے۔
لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو انیس میں ووٹ ڈالنے کے بعد میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ کامیاب ہو کر لوگون کے وہ تمام مسائل حل کر دیں گے جو ماضی میں انھیں اذیت سے دوچار کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ اور غربت جیسے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہر انتخابات میں دھاندلی ہوتی ہے۔ جماعت اسلامی کے بائیکاٹ پر انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔