جمہوری قوتوں کی جیت سے جمہوریت مخالف قوتوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔ایم اے تبسم
Posted on May 13, 2013 By Tahir Webmaster لاہور
لاہور : کالمسٹ کونسل آف پاکستان کے مرکزی صدر ایم اے تبسم نے کہا ہے کہ پرامن اورصاف شفاف الیکشن کرانے پرحکومت اورالیکشن کمیشن مبارکبادکامستحق ہے،ایسے الیکشن کے انعقادسے ملک میں جمہوری عمل مضبوط ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اکادکاواقعات کے علاوہ ملک بھرمیں مجموعی طورپرالیکشن پرامن صاف شفاف رہے جس پرنگران حکومت اورالیکشن کمیشن کوپوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
وہ گزشتہ روزکالمسٹ کونسل آف پاکستان کے مرکزی رہنمائوں کنوینئر امیرافسرامان،سینئرنائب صدرمحمدعقیل خان،نائب صدرامتیازعلی شاکر، جنرل سیکرٹری فیصل اظفرعلوی،سیکرٹری جنرل پنجاب مرزاعارف رشید،مرکزی سیکرٹری اطلاعات ذیشان انصاری،مرکزی صدر خواتین ونگ پروفیسررفعت مظہر،جنرل سیکرٹری سحرش منیر ودیگرسے گفتگوکررہے تھے، انہوں نے کہاکہ ملک کی تاریخ میں پہلی بارایک حکومت کے اقتدارکی مدت پوری ہونے کے بعدالیکشن ہوئے اورالیکشن کے بعدسول حکومت کی جانب سے اقتدارمنتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ اگرجمہوری عمل کاسلسلہ یونہی جاری رہاتوایک دن ملک دنیاکے نقشے پرمضبوط جمہوری ملک بن کرابھرے گا۔ایم اے تبسم نے مزید کہا کہ کالمسٹ کونسل آف پاکستان میاں محمدنوازشریف کو انتخابات میں واضح برتری حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن پاکستان کو روشن سمت کی طرف گامزن کریگی۔
ایم اے تبسم نے کہا کہ جمہوری قوتوں کی جیت سے جمہوریت مخالف قوتوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔جس سے یہ واضح ہوا کہ پاکستان کی عوام ملک میں تبدیلی چاہتی ہے۔جس کا ثبوت عوام نے انتخابات میں بھرپور شرکت کرکے دیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں بننے والی نئی حکومت بھی 5سال مکمل کرے۔اور عوام کے مینڈیٹ کو سبوتاژ نہ کرے۔