خیبرپختونخوا(جیوڈیسک) خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف اورجمعیت علما اسلام حکومت سازی کے دعوے کررہی ہیں اورمختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان باضابطہ رابطوں کاآغازبھی ہوگیاہے۔تحریک انصاف خیبرپختونخوامیں 34 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبرپرہے۔تاہم صوبے میں حکومت قائم کرنے کیلئے تحریک انصاف کومزیدسترہ نشستوں کی ضرورت ہے۔تحریک انصاف کے صوبائی صدراسدقیصرکے مطابق اکثریت کی بنیادپرحکومت قائم کرناتحریک انصاف کاحق ہے۔
انہوں نے جماعت اسلامی اورآزاداراکین سے رابطوں کی تصدیق بھی کی ہے۔دوسری جانب جمعیت علما اسلام بھی صوبے میں مخلوط حکومت بنانے کی دعویدارہے۔ جے یوآئی کے رہنما اکرم خان درانی نے اس سلسلے میں قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاو سے ملاقات بھی کی ہے۔اکرم درانی نے قومی وطن پارٹی ،مسلم لیگ ن اور آزاد اراکین کے ساتھ ملکر حکومت قائم کرنے کادعوی بھی کیاہے۔
جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے ترجمان اسراراللہ نے تصدیق کی ہے کہ صوبے میں حکومت سازی کیلئے تحریک انصاف کے رہنما عمران خان اورمسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نوازشریف نے امیرجماعت اسلامی سیدمنورحسن سے رابطے کئے ہیں۔خیبرپختونخواکی حکومت کاتاج کس کے سرسجتاہے یہ آئندہ چنددنوں میں واضح ہوجائے گا۔