کوئٹہ(جیوڈیسک)بلوچستان میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی نے 11 سیٹیں حاصل کر لیں،ن لیگ 8 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے،دونوں کا مل کر حکومت بنانے کا امکان ہے۔بلوچستان کی اکاون سیٹوں میں سے اڑتالیس کے نتیجے کا اعلان کر دیا گیا ہے،پختون خوا ملی عوامی پارٹی نے سب سے زیادہ 11نشستیں حاصل کی ہیں۔مسلم لیگ ن آٹھ نشستیں جیت کر دوسری پوزیشن پر ہے۔
آزاد امیدوار بھی آٹھ نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں جبکہ نیشنل پارٹی نیچھ، جمعیت علما اسلام نے پانچ اور مسلم لیگ ق نے چار نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔بلوچستان میں حکومت بنانے کے لئے پختون خوا ملی عوامی پارٹی اور مسلم لیگ ن میں مذاکرات بھی شروع ہو چکے ہیں۔سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت بننا یقینی ہو گیا ہے۔
یہاں پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز 61 نشستوں کے ساتھ پہلے اور ایم کیو ایم 30 سیٹوں کے ساتھ دو سرے نمبر پر ہے۔سندھ اسمبلی کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز اکسٹھ حلقوں سے کامیابی حاصل کر کے پہلے نمبر پر ہے، پیپلز پارٹی کے کامیاب ہونے والے اہم امیدواروں میں سابق وزیراعلی قائم علی شاہ، سابق وزیر داخلہ منظور وسان،آغا سراج درانی، شرجیل میمن اور اویس مظفر شامل ہیں۔
ایم کیو ایم تیس نشستیں حاصل کرکے دوسری پوزیشن پر ہے۔سندھ سے مسلم لیگ فنگشنل کو سات،پاکستان پیپلز پارٹی کو چھ،نیشنل پیپلز پارٹی کوتین،مسلم لیگ ن کو دو حلقوں سے کامیاب ملی ہے ، چار نشستوں پر آزاد امیدوار منتخب ہوئے ہیں۔