مسلم لیگ (ن) نے وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لئے مشاورت شروع کردی ہے، ن لیگ نے دیگر جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد مسلم لیگ (ن) نے پارٹی عہدے داروں سے مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف کی رائے ونڈ میں واقع رہائش گاہ پر پارٹی رہنما پہنچے اور وہاں نواز شریف سے حکومت سازی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ پارٹی کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید نے نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کی باتیں قبل ازوقت ہیں۔
دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام جماعتوں کے مشورے سے قومی پالیسی بنائی جائے گی۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہماری کسی سے دشمنی نہیں اور نہ ہی ہم بدلہ لینا چاہتے ہیں، وہ باب بند ہوچکا ہے۔ نئے پاکستان کی تکمیل کے لئے پیش رفت کرنا ہے اور قوم کے مینڈیٹ کی عزت کریں گے۔ بجٹ قریب آچکا ہے حکومت سازی میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔