اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد غیرسرکاری تنظیم فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ورک نے انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر میں 49 پولنگ اسٹیشنوں پر ٹرن آوٹ 100 فی صد سے بھی زائد رہا جس میں پنجاب کے32، سندھ کے10، خیبر پختونخوا کے6 اور بلوچستان کا ایک پولنگ اسٹیشن شامل ہے۔فری اینڈ فری الیکشن نیٹ ورک کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے 6 پشاور کے ایک پولنگ اسٹیشن نمبر 14 پر ٹرن آوٹ 271 فیصد۔ این اے 74 بھکر میں پولنگ اسٹیشن نمبر 202 پر 240 فیصد۔
این اے 148 ملتان کے پولنگ اسٹیشن نمبر 201 پر 218 فیصد جب کہ این اے 211 نوشہرو فیروز کے پولنگ اسٹیشن نمبر 86 پر 200 فیصد ٹرن آوٹ رہا۔ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 193 رحیم یار خان میں خواتین کے پولنگ اسٹیشن نمبر 14 پر ٹرن آوٹ 320 فیصد رہا۔ان کے علاوہ ملک بھر میں 44 پولنگ اسٹیشن ایسے تھے جہاں ٹرن آوٹ 100 فیصد سے زائد رہا۔
ان حلقوں میں جو امیدوار کامیاب ہوئے ہیں ان میں مسلم لیگ ن کے چودھری نثار، سردار ایاز صادق، شیخ روحیل اصغر، وحید عالم خان، پیپلز پارٹی کے امین فہیم، پیرشفقت حسین شاہ، علی گوہر خان مہر، جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، تحریک انصاف کے عمران خان اور شفقت محمود جب کہ ق لیگ کے رہنماچودھری پرویز الہی بھی شامل ہیں۔فافن کے چیف ایگزیکٹوافسر مدثر رضوی نے کہا کہ کراچی کے علاوہ دیگر جگہوں پر بھی دھاندلی ہوئی مگر وہ کسی کو نظر نہیں آئی۔