لاہور(جیو ڈیسک)لاہورمسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستانی سرزمین بھارت میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے نہیں دیں گے۔ کارگل اور ممبئی حملوں جیسے واقعات نہیں ہونے دیے جائیں گے۔ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے متعلق ہماری پالیسی واضح ہے۔
پاکستان سے کسی بھی ملک میں دہشت گردی نہیں ہونے دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد معیشت کی بحالی سب سے بڑا چیلنج ہوگا اگر معاشی استحکام ہوگیا تو بہت سے مسائل حل ہوجائیں گے۔بھارتی اخبار کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے دی گئی دورہ بھارت کی دعوت قبول کرلی ہے۔
اس سے قبل رائے ونڈ میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت عظمی کی تقریب حلف برداری میں بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کو مدعو کیا جائے گا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کا فوج سے کوئی اختلاف نہیں، فوج کے ساتھ مل کر درپیش مسائل کا مقابلہ کیاجائے گا۔