کامیاب الیکشن اور جمہوریت کے تسلسل کا کریڈٹ عوام، چیف جسٹس پاکستان اور الیکشن کمیشن کو جاتا ہے،تحریک تحفظ پاکستان

تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان ،چوہدری خورشید زمان اور روحیل اکبر نے کہا ہے کہ کامیاب الیکشن اورجمہوریت کے تسلسل کا کریڈٹ عوام، چیف جسٹس پاکستان اور الیکشن کمیشن کو جاتا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی ناکامی میںبے لگام کرپشن، اداروں کی تباہی، توانائی کے بحران اور دہری شہریت والے مشیروں نے اہم کردار ادا کیا اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ نواز شریف کے کاندھوں پر ملک کی تعمیر نو کی بھاری ذمہ دار آن پڑی ہے۔

وہ معاشی بحالی کو ترجیح دیں، امراء کو نوازنے کے لئے غریبوں پر ٹیکس لگانے کی پالیسی ختم کریںاور ماضی کی غلطیاں نہ دہرائیںورنہ انھیں 2018کے الیکشن میں پی پی پی جیسے نتائج کا سامنا کرنا ہو گا۔

اس موقعہ پرانہوں نے مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف ،میاں شہباز شریف ،تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ،مولانا فضل الرحمن ،مولانا منور حسن ،الطاف حسین،مخدوم امین فہیم اور شیخ رشید کو انکی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ پاک ملک کی خدمت میں انکی رہنمائی فرمائے (آمین)