لاہور(جیوڈیسک)لاہور میں اگلے 24گھنٹے کے دوران ہلکی بارش کا امکان ہے ، جبکہ محکمہ موسمیات نے تیز ہوائیں بھی چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔ لاہور میں نصف شب تیز آندھی کے بعد تیز ہوائیں ،کہیں بونداباندی اور کہیں ہلکی بارش نے شہر کا موسم سہانا کر دیا۔
لاہور اور گردونواح میں رات کے وقت شدید آندھی سے گرمی کا زور قدرے ٹوٹ گیا جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا،صبح آسمان پر چھائے بادلوں ، بوندا باندی اور پھر کہیں ہلکی ،کہیں تیز بارش نے موسم کو انتہائی خوبصورت بنا دیا۔
دھوپ اور سورج کی تمازت غائب اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ،،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں شہر میں ہلکی بارش جاری رہنے کا امکان ہے، تیز ہوائیں بھی موسم کی دلکشی میں اضافہ کرتی رہیں گی۔