لاہور(جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کی بدترین شکست کے بعدعہدیداروں کی طرف سے استعفوں کا سلسلہ جاری ہے،پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدرمیاں منظور وٹو اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں ،سینیٹراعتزازاحسن نے بھی کہاہے کہ وہ اپنی اہلیہ کی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مخدوم امین فہیم کو سینیٹر شپ سے مستعفی ہونے کا خط لکھ رہے ہیں۔پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹونے اپنا استعفی پارٹی کے سرپرست اعلی بلاول بھٹو زرداری کو بھجوا دیاہے۔
وہ آج شام پریس کانفرنس میں مستعفی ہونے کا باضابطہ اعلان کریں گے،بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز ملک بھر میں پارٹی کی بدترین شکست پر چاروں صوبائی صدور سے استعفے طلب کئے تھے،دوسری جانب پیپلزپارٹی کے سینیٹراعتزازاحسن نے لاہور ہائی کورٹ میں ذرائع سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ وہ بھی پارٹی سربراہ مخدوم امین فہیم کوسینیٹرشپ سے مستعفی ہونے کیلئے خط لکھ رہے ہیں۔
ان کاکہناہے کہ موجودہ انتخابی نتائج ان کے خط لکھنے کی وجہ بنے،ان کی اہلیہ کی شکست ان کے حلقے سے ہوئی ،سینیٹ میں عہدے پر رہنے کا اب کوئی جواز نہیں ،اعتزازاحسن نے نواز شریف کے بھارت سے متعلق بیانات کوخوش آئندقرار دیا اورکہاکہ افغانستان سے امریکا کے انخلا کے بعد نواز شریف کا کردار اہم ہو گا۔