انتخابات میں کامیاب جماعتوں کے اعدادو شمار جاری

Elections

Elections

اسلام آباد(جیوڈیسک)الیکشن کمیشن نے انتخابات میں قومی اسمبلی کی 254 سیٹوں کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے اور کامیاب ہونے والی جماعتوں کے اب تک کے اعدادوشمار بھی جاری کر دئیے۔الیکشن کمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی کی 123 نشستیں لے کر سرفہرست ہے۔

پیپلز پارٹی 31 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور پاکستان تحریک انصاف 26 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ نے 18، جے یو آئی (ف) 10، آزاد امیدوار 25، مسلم لیگ فنگشنل 4، جماعت اسلامی 3، مسلم لیگ (ق) 2 اور اے این پی، بی این پی، این پی ایک ایک نشست پر کامیاب ہوئیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں نواز لیگ نے اب تک 212، تحریک انصاف نے 18، پیپلز پارٹی نے 6 نشستیں حاصل کیں جبکہ 39 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف 35 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ جے یو آئی (ف) 13 نشستوں کے ساتھ دوسری جبکہ مسلم لیگ (ن) نے 12 اور آزاد امیدواروں نے 14 نشستیں حاصل کیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی نے 62 جبکہ ایم کیو ایم نے 33 نشستیں حاصل کیں۔ بلوچستان اسمبلی میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی 9 نشستوں کیساتھ سرفہرست جبکہ مسلم لیگ (ن) 8 نشستیں لے کر دوسرے نمبر پر ہے۔