کراچی(جیوڈیسک)کراچی کا کاروباری طبقہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر بہت خوش ہے، کاروباری طبقے کو امید ہے کہ شہر کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے نئی حکومت بھرپور کردار ادا کرے گی۔کسی بھی شہر میں کاروبار کو پنپنے کے لئے امن چاہیے اور امن فراہم کرنے کی ذمہ داری حکومت کی ہے۔
شہر قائد کا کاروباری طبقہ گزشتہ چند برسوں سے امن حاصل کرنے کے لئے ناکام کوششیں کرتا رہا۔ امن فراہم کرنے کے حکومتی وعدوں پر شہر کے کاروباری طبقے نے ہمیشہ اعتبار کیا لیکن وہ کبھی مل نہ سکا۔ بدامنی کے سبب سرمایہ کاری شہر بدر ہونے لگی۔
تاہم عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر مرجھائے چہرے پھر کھل اٹھے ہیں۔ صدر کراچی چیمبر کا کہنا ہے کہ معیشت کو استوار کرنیکا عزم (ن) لیگ کے کاروبار دوست ہونیکا عندیہ ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ معیشت کو استوار کرنے کے لئے جو لائحہ عمل مرتب کیا جاتا ہے۔ اس میں کراچی کے تاجروں کی رائے کو بھی شامل کیا جائے گا۔ شہر قائد کے تاجروں کا کہنا ہے کہ ٹیکس آمدنی بڑھانے میں حکومت کی معاونت کر سکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہیکہ انہیں اسکا موقع دیا جائے۔