میرپورخاص(جیوڈیسک)میرپورخاص کے ایک نجی اسکول میں استانی کے مبینہ تشدد سے چوتھی جماعت کی طالبہ کا ہاتھ ٹوٹ گیا۔ چوتھی جماعت کی نو سالہ طالبہ شفا علی کو سول اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایاکہ اس کے بائیں ہاتھ میں فریکچر ہوگیا ہے۔
بچی کا کہنا ہے کہ ہوم ورک نہ کرنے پر اسکول کی ٹیچر نے لوہے کی سلاخ سے تشدد کیا اور زخمی ہونے کے باوجود چھٹی ہونے تک گھر نہ جانے دیاگیا۔ بچی کے والد نے ٹاون تھانے میں رپورٹ درج کرادی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں پارٹیوں میں مصالحت کی بات چیت چل رہی ہے اس لیے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ دوسری جانب مذکورہ ٹیچر واقعے کے بعد سے غائب ہے۔ متاثرہ طالبہ کے والد نے نجی اسکول کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔