ہار جیت الیکشن کا حصہ ہے ہم پاکستان کے بہتر مستقبل سے مایوس نہیں ہیں،ڈاکٹر عبدالقدیر خان
Posted on May 17, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ ہار جیت الیکشن کا حصہ ہے اور ہم پاکستان کے بہتر مستقبل سے مایوس نہیں ہیں اس بار الیکشن میں ہماری پارٹی کی ناکامی کی وجہ عام آدمی تک ہمارا پیغام نہ پہنچنا تھا پارٹی کے مرکزی رہنمائوں روحیل اکبر ،سید امتیاز شاہ ،ظہیر گیلانی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا۔
نومنتخب حکومت کو اسٹیبلشمنٹ کے سب اچھا کا سلوگن سے باہر نکل کر عوامی فلاح کے اقدامات کرنے ہونگے سابق حکمرانوں کی نااہلی کے باعث بجلی پیڑول گیس، آٹا ضروریات زندگی کی تمام تر اشیا نایاب ہوگئی امن و امان کی صورتحال مخدوش اور لاقانونیت بڑھ گئی ، حکمران حالات کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکے تھے۔
پورے ملک میں آگ لگائی گئی انسانی جانوں کی حرمت ختم ہو گئی تھی مگرسابق کرپٹ حکمران محض اپنے اقتدار کی خاطر پاکستان کی سا لمیت کو دائو پر لگائے ہوئے سب اچھا کا سلوگن الاپتے رہے جس کا خمیازہ موجودہ نومنتخب حکومت کو بھگتناپڑے گا آج ضرورت اس امر کی ہے۔
سابقہ کرپٹ حکمرانوں کے نقش قدم پر چلنے کی بجائے موجودہ نومنتخب حکومت کو اسٹیبلشمنٹ کے سب اچھا کا سلوگن سے باہر نکل کر عوامی فلاح کے عملی اقدامات کرنے ہونگے تاکہ ملک وقوم کو بہتری محسوس ہوسکے۔