لاہور(جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت بنے گی ، مرکز اور پنجاب میں بھی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرینگے ۔لاہورمیں پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ کیولری گراونڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کی پارٹی محاذ آرائی نہیں چاہتی لیکن حقائق ضرورسامنے لانا چاہتے ہیں۔
پاکستان کی تاریخ میں ایسا الیکشن کبھی نہیں ہوا ،سندھ کی نگران حکومت نے بھی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں، ان کا کہنا تھا کہ 42 پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کی نشاندہی خود ریٹرننگ آفیسر نے کی۔
اسلام آباد رابطہ کرنے پر کہا جاتا ہے کہ انہیں ایسی شکایات نہیں ملیں ،شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ این اے 230 کے نتیجے کے بارے میں بھی کسی کی ہار جیت سے متعلق نہیں بتایا جارہا ،سندھ کی سیٹ پی ٹی آئی جیت رہی ہے لیکن صدر زرداری صاحب کو شاید قبول نہیں۔