اسلام آباد(جوڈیسک) اسلام آباد نگراں حکومت کے دور میں بھی عوام کو مہنگائی کا تحفہ مل گیا ، نیپرا نے آٹھ مہینوں کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے زریعے فی یونٹ بجلی 5روپے 82پیسے مہنگی کر دی ، بجلی کی قیمت میں اضافہ اگست 2012سے مارچ 2013تک آٹھ مہینوں کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ، وصولی جون سے اکتوبر 2013کے بلوں میں ہو گی ، نیپرا نے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے۔
نیپرا نے کی طرف سے جاری کیئے جانیوالے نوٹیفکیشنز میں اگست کے سوا مارچ 2013تک تمام مہینوں کیلئے بجلی مہنگی کی گئی ہے ، اگست میں فی یونٹ بجلی 5پیسے سستی جبکہ ستمبر میں 5پیسے مہنگی کی گئی ہے ، اکتوبر کیلئے فی یونٹ بجلی 4پیسے ، نومبر کیلئے91پیسے ، دسمبر 2012کیلئے ایک روپے 33پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ، جنوری 2013 کیلئے ایک روپے55پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔
فروری کیلئے 64پیسے ، اور مارچ کیلئے ایک روپے 33پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کی گئی ہے ، نیپرا کے مطابق اگست سے نومبر2012 تک کی فیول ایڈجسٹمنٹ جون کے بلوں میں کی جائے گی ، دسمبر کا اضافہ جولائی کے بلوں میں صارفین سے وصول کیا جائے گا۔
جنوری کا اضافہ اگست ، فروری کا اضافہ ستمبر جبکہ مارچ کا اضافہ اکتوبر 2013کے بلوں میں وصول کیا جائے گا ، ماہانہ 50یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین اضافے سے مستثنی ہوں گے ، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے ای ایس سی کے سوا بجلی کی تقسیم کار تمام کمپنیوں کیلئے کیا گیا ہے۔