کراچی(جیوڈیسک) کراچی جماعت اسلامی کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔ کراچی میں الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت مزار قائد کے قریب ایم اے جناح روڈ پر دھرنا دیا گیا جس میں بڑی تعداد میں مرد خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سیکٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی اور حیدر آباد میں الیکشن ہی نہیں ہوئے، کراچی میں پولنگ اسٹیشن پر قبضے تھے ،کہیں بیلٹ باکس اور کہیں بیلٹ پیپر نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے ووٹروں کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ کراچی کی عوام کو جمہوری حق سے محروم رکھاگیا ہے۔
ایک حلقے میں نہیں پورے کراچی اور حیدر آباد میں فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ جمہوریت مستحکم نہیں ہو سکی،ہم الیکشن کمیشن کے پاس کراچی اور حیدر آباد کا مقدمہ لیکر جائیں گے اور ضرور جیتیں گے۔ دھرنے میں پاکستان کا قومی ترانہ بھی سنایا گیااور الیکشن کمیشن کا علامتی جنازہ بھی نکالا گیا۔