لاہور: (جیو ڈیسک)لاہور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور برطانوی حکومت کو زہرا شاہد کے قتل کا ذمہ دار سمجھتے ہیں، آج تحریک انصاف کراچی میں احتجاجی مظاہرے کر ے گی۔
لاہور کے شوکت خانم میموریل اسپتال سے ویڈیو پیغام دیتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ زہرا شاہد کا قتل ظلم کی انتہا ہے،وہ سمجھتے ہیں کہ اس قتل کے ذمہ دار الطاف حسین اور برطانوی حکومت ہیں۔
عمران خان نے زہرا شاہد کے قتل کے خلاف آج کراچی میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے مظاہروں کا اعلان کیا اور عوام سے شرکت کی اپیل کی۔ چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ دوبارہ الیکشن کی بات نہیں کرتے، اس نظام کو چلنا چاہیے،لیکن دھاندلی کی شکایات کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔