آئی پی ایل غلط نہیں، رپورٹ کے بعد ہی کھلاڑیوں کافیصلہ کرینگے،سری نواسن

IPL

IPL

نئی دلی(جیوڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن کا کہنا ہے کہ انڈین پریمئر لیگ غلط نہیں،انکوائری رپورٹ کے بعد ہی زیر حراست کھلاڑیوں کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ کیس کا جائزہ لینے کے لئے بھارتی کرکٹ بورڈ کا ہنگامی اجلاس چنئی میں ہوا۔ اجلاس میں راجستھان رائلز کے مالکان کے ساتھ ساتھ بی سی سی آئی اور آئی پی ایل کی ٹاپ مینجمنٹ نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے صدر سری نواسن کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل غلط نہیں، تین کرکٹرز کے سوا کسی اور کے خلاف شکایت موصول نہیں ہوئی۔سری نواسن کا کہنا تھاکہ جب تک پولیس کی تحقیقات مکمل نہیں ہوجاتیں، کسی کھلاڑی کے خلاف کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا،تینوں کھلاڑیوں کا معاملہ انضباطی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے،روی سوانی کو اسپاٹ فکسنگ کی تحقیقات کے لئے بنائی جانی والی کمیٹی کا کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کا بکیز پر کوئی کنٹرول نہیں،مستقبل میں تمام کھلاڑیوں کے ایجنٹس اینٹی کرپشن کی میٹنگ میں موجود ہوں گے،آئی پی ایل کی ہر ٹیم کے پاس اپنا اینٹی کرپشن آفیسر ہوگا۔دوسری جانب راجستھان رائلز کی مینجمنٹ نے کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر سری سانتھ، اجیت چندیلا اور انکیت چوون کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔