ڈاکٹر عبدالقدیر خان نہ صرف محسن پاکستان ہیں بلکہ عالم اسلام کے بھی ہیرو ہیں اور ہم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی سرپرستی میں ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے،عمران خان
Posted on May 20, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے عمران خان کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے انہیں موجودہ الیکشن میں کامیابی اور قوم کو نئی سوچ دینے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ میری اور پارٹی کی طرف سے پاکستان کے استحکام ،ترقی اور خوشحالی کی جدوجہد کے لیے عمران خان کو جہاں ضرورت پڑی میری خدمات حاضر ہیں۔
انہوں نے پاکستان کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی پیش کش کرتے ہوئے ملکر پاکستان کی دشمن قوتوں کو شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی طرف سے پارٹی کے سینئر نائب صدر میاں عبدالوحید کی قیادت میں ملنے والے وفد نیئر نواز مرزا ،خضر حیات ،روحیل اکبر ،سید امتیاز شاہ۔
ظہیر گیلانی اورسردار جاوید اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج اگر پاکستان کا مستقبل محفوظ ہے تو وہ صرف ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وجہ سے ہے وہ نہ صرف محسن پاکستان ہیں بلکہ عالم اسلام کے بھی ہیرو ہیں اور ہم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی سرپرستی میں ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے