اسلام آباد(جیوڈیسک) اسلام آباد وزیر اعظم سیکریٹیریٹ کا کہنا ہے کہ واجبات ادا نہ کرنے پر پی ایس او نے پیٹرول کی سپلائی روک دی ہے ، دوسری طرف پی ایس او نے ایسے کسی اقدام کی تردید کی ہے ۔وزیر اعظم سیکریٹیریٹ کے مطابق پی ایس او کو 17 لاکھ روپے کی ادائیگی کی جانی ہے جس کو بنیاد بنا کر پی ایس او نے سیکریٹیریٹ کے عملے اور افسران کو فیول سپلائی روک دی ہے۔
صورت حال کی وجہ سے سیکریٹیریٹ سے منسلک گاڑیاں کھڑی ہوگئی ہیں۔ حکام کے مطابق پی ایس او کو جلد ادائیگیاں کردی جائیں گی۔دوسری طرف پی ایس او نے فیول بند کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ استعمال کی حد ختم ہونے کے بعد ادارے کے خودکار نظام نے سپلائی روکی ہے۔ پی ایس او کوشش کررہا ہے کہ سپلائی معمول کے مطابق بحال ہوجائے۔