میرپور(جیوڈیسک)میر پور خاص سندھ بھر میں انٹر کے امتحانات کے دوران کئی امتحانی مراکز میں طلبہ نقل کی مدد سے پرچے حل کرتے رہے۔ میرپورخاص ڈویژن کے چاروں اضلاع میں بارہویں کے پرچے میں نقل نہ رک سکی بلکہ طلبا دیدہ دلیری سے نقل کرتے رہے۔ بارہویں جماعت بوٹنی کے پرچے میں طلبا نقل کے نئے نئے ہتھکنڈوں کے ساتھ میدان میں اترے۔ کھلے عام موبائل فون کے ذریعے پرچے حل کیے گئے۔
نقل کو روکنے میں امتحانی عملہ بے بس نظر آیا بلکہ نقل کی روک تھام کیلئے قائم تعلیمی بورڈ کی ایک درجن سے زائد ویجی لینس ٹیمیں بھی دور دور تک نظر نہیں آئیں۔ سکھر بو رڈ کی جانب سے نقل کی روک تھا م کیلئے کئے جا نے وا لے تمام انتظا ما ت دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔
آج کے پرچے میں بھی طلبا کھلے عام حل شدہ پرچوں کے ذریعے اپنے پرچے حل کرتے رہے اور انہیں کو ئی روکنے یا ٹو کنے والا ہی نہیں تھا۔گھوٹکی اور لاڑکانہ کے امتحانی مراکز میں بھی نقل نہ روکی جاسکی اور بیشتر امتحانی مراکز میں نقل ہوتی رہی۔