دنیا بھر میں مسلمانوں اور یہودیوں کے خلاف تعصب میں اضافہ

Muslim

Muslim

واشنگٹن: (جیوڈیسک) امریکی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت بھی ان ممالک میں شامل ہیں جہاں اقلیتوں کے ساتھ تعصب پسندانہ رویہ روا رکھا جاتا ہے، یورپ اور ایشیا میں اسلام مخالف جذبات میں اضافہ ہوا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں یہودیوں اور مسلمانوں کے خلاف تعصب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یورپ اور ایشیا میں اسلام مخالف جذبات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ایران، مصر اور وینزویلا میں منفی جذبات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے منفی رویے کے خاتمے کے لیے آئرا فورمین کو خصوصی ایلچی مقرر کیا ہے۔ جان کیری کے مطابق امریکا کا اپنا ریکارڈ بھی کوئی مثالی نہیں ہے لیکن مذہبی آزادی ایک عالمی خوبی ہے۔ کسی کا اپنے عقیدے کے بارے میں کھل کا اعلان کرنا اور اس پر عمل کرنے کی آزادی، یقین کرنا یا نہ کرنا اور کسی کا اپنے عقیدے کو تبدیل کرنا ہر انسان کا پیدائشی حق ہے۔

وزیر خارجہ جان کیری کے مطابق توہین مذہب کے قوانین میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس میں اکثر اوقات اختلاف رائے رکھنے والوں کو دبایا جاتا ہے ہے یا ان قوانین کو ذاتی دشمنی میں استعمال کیا جاتا ہے۔ رپورٹ بین الاقوامی مذہبی آزادی جاری کی گئی ہے جس میں مصر میں ایک واقعہ کی مثال دی گئی ہے جب صدر مرسی نے ایک مذہبی رہنما کی جانب سے یہودیوں اور ان کے حامیوں کو تباہ کرنے کی دعا پر آمین کہا تھا۔

اسی طرح سے وینزویلا میں حکومتی کنٹرول میں میڈیا نے کیتھولک فرقے سے تعلق رکھنے والے صدارتی امیدوار کے یہودی آبائو اجداد سمیت کئی منفی جذبات پر مبنی خبریں شائع کی گئیں۔ اس کے علاوہ ایران میں حکومت اکثر اوقات یہودیت کی مذمت کرتی ہے۔ رپورٹ میں بیلجیم کا ذکر بھی کیا گیا ہے جہاں مسلمانوں کو نئی پابندیوں کا سامنا ہے۔ اس میں کلاس رومز میں نقاب پہننے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ بھارت کے شہر بنگلور کے سکولوں میں سکارف لینے پر پابندی لگائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اس کے علاوہ برما میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تشدد اور تعصب کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ یہ رپورٹ ایک ایسے وقت جاری کی گئی ہے جب برما کے صدر وائٹ ہائوس میں صدر اوباما سے ملاقات کر رہے تھے۔ رپورٹ میں مسلمان ممالک میں مسلم اقلیتوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

پاکستان میں شیعہ برادری کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سعودی عرب اور بحرین میں سنی مسلمانوں کے علاوہ دیگر مسلمانوں کو تعصب کا سامنا ہے جبکہ ایران میں سنی مسلمانوں کو ہراساں اور گرفتار کیا جا رہا ہے۔