ملتان (جیوڈیسک) ملتان ملک بھر میں بجلی کے بحران کا اب تک حل نہیں نکالاجا سکا ہے۔ بہت سے شہری علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اٹھارہ گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ ملتان میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں نے مظاہرہ کیا۔ خانیوال کی تحصیل کبیر والا میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ خواتین نے میپکو آفس کا گھیراو کرلیا اور دفتر میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی۔
ملتان میں 16 سے 18 گھنٹے کی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف چنگی نمبر 9 پر متحدہ شہری محاذ نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ٹائر جلائے اور میپکو کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں طویل لوڈ شیڈنگ نے ان کا جینا محال کررکھا ہے۔ جینا دشوار تو ملک کے دوسرے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کا بھی ہوگیا ہے۔
بلوچستان میں ایک تو بلا کی گرمی اس پر 16 سے بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے عوام بلبلا اٹھے ہیں۔ بجلی کے بحران سے پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے۔ پنجاب کے اکثر شہری علاقوں میں 15 اور دیہی علاقوں میں بیس بیس گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ خیبر پختونخوا اور سندھ میں بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہیں ہوسکا ہے۔
شہریوں کا کہناہے کہ مسلسل بجلی غائب رہنے سے گھروں میں رکھی الیکٹرانک اشیا اب کام آنے کے بجائے شوپیس لگتی ہیں۔ کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش سے معمولات زندگی درہم برہم اور دن کا چین اور راتوں کی نیندیں غارت ہوگئی ہیں۔