ری پولنگ : خیبر پختونخوا اسمبلی کے 2 حلقوں میں پی پی اور آزاد امیدوار کامیاب

Re-polling

Re-polling

بنوں(جیوڈیسک) بنوں سے خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ اکہتر میں دوبارہ پولنگ کے بعد غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار فخر اعظم خان کامیاب رہے. حلقہ پی کے بہتر سے آزاد امیدوار ملک شاہ محمد نے میدان مارلیا۔خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے اکہتر کے چار پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ ہوئی۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار فخر اعظم خان سترہ ہزار تین سو ساٹھ ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے۔ ان کے مدمقابل اے این پی کے تیمور باز خان نے سولہ ہزار دو سو انیس ووٹ حاصل کیے۔

گیارہ مئی کو فائرنواقعات کے باعث متنازعہ قرار دیے گئے حلقہ پی کے بہتر پولنگ اسٹیشنز میں بھی دوبارہ پولنگ ہوئی۔ اس حلقے سے آزادامیدوار ملک شاہ محمد خان مجموعی طور پر چودہ ہزار چار سو آٹھ ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے۔ جے یو آئی ف کے سید حامد شاہ کو بارہ ہزار نو سو بانوے ووٹ ملے۔