لندن(جیوڈیسک) اسکاٹ لینڈ یارڈ نے لندن میں متحدہ قومی موومنٹ کے دفتر کی سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔برطانوی اخبار دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق لندن کی ایج وئیر ہائی اسٹریٹ پر قائم ایم کیو ایم آفس میں پولیس سارجنٹ دن میں دو بار چکر لگاتا ہے۔اخبار لکھتاہے پولیس خدشات اس لیے بھی ہیں کہ 2010 میں متحدہ کے راہنما ڈاکٹر عمران فاروق اپنے گھر کے سامنے قتل کر دیئے گئے تھے۔
جبکہ حال ہی میں الطاف حسین کی متنازع تقریر کے بعد پولیس کو کئی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں جس پر لندن میٹروپولیٹن پولیس نے تقریر حا صل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
اخبار کے مطابق کراچی میں عمران خان کی جانب سے ان کی جماعت کی ایک رہنما کے قتل کا ذمہ دار الطاف حسین کو ٹھہرائے جانے پر ایم کیو ایم کا شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ اخبار کے مطابق عمران خان کو اپنے دعووں کے بر خلاف انتخابات میں نمایاں کامیابی تو نہیں ملی البتہ ان کی جماعت ملک بھر میں 28 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی۔