کراچی(جیوڈیسک)سابق گورنر اسٹیٹ بینک، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا ہے کہ بجلی شعبے کے زیر گردش قرضوں کو حل کرنے کیلئے صرف باتیں نہیں، ایک بہتر سیاسی فیصلہ سازی کی ضرورت ہے۔جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت حسین نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم درست کرنے کی ضرورت ہے۔
اس سے متعلق سینٹرل پاور پرچیزنگ کو ڈیسکوز کو فراہم کی جانے والی بجلی پر اپنا ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر تیار کرنا ہوگا۔ ڈائریکٹر آئی بی اے نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر بجلی کی قیمت 10 روپے ہے تو ریکوری صرف6 روپے ہورہی ہے، ریکوری اور بجلی کی قیمت کے فرق پر بھی قابو پانا مشکل نہیں۔
ڈاکٹر عشرت حسین نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت سے کہا ہے کہ میرٹ بجلی شعبے کے اداروں کے سربراہوں کی تعیناتی، ریکوری کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ایک بہتر سیاسی فیصلے کی ضرورت ہے۔