کوئٹہ(جیوڈیسک) کوئٹہ کے نواحی علاقے میں بلوچستان کانسٹبلری کی گاڑی پر بم دھماکے میں 10اہلکاروں سمیت 12 افراد جاں بحق جبکہ بائیس زخمی ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ کوئٹہ کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس پر پیش آیا۔
بلوچستان کانسٹبلری کے ریپیڈ ریسپونس گروپ کا ایک دستہ ٹرک میں سول سیکریٹریٹ پر تعیناتی کے لئے آرہا تھاکہ سڑک کنارے رکشہ میں نصب بارودی مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔دھماکے سے بلوچستان کانسٹبلری کا ٹرک مکمل تباہ ہوگیا۔
دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد اہل کاروں کی ہے جبکہ عام شہری میں دھماکے کی زد میں آئے۔جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو سول اور کمبائن ملٹری اسپتال منتقل کردیاگیا۔بم ڈسپوذل اسکواڈ کے مطابق دھماکہ ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے کیاگیا اور اس میں تقریبا ایک سو کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیاگیا۔