واشنگٹن(جیوڈیسک) امریکی حکومت نے سی آئی اے کو ٹارگٹڈ کلنگ کے خفیہ آپریشنز سے ہٹاکر اس کے اصل کردار جاسوسی کی طرف واپس لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق نائن الیون کے بعد سی آئی اے میں کاونٹر ٹیررازم سینٹر قائم کیا گیا۔ اس کا کام ایسے افراد کو ڈھونڈنا اور مارنا ہے جنہیں امریکا کیلئے خطرہ سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان ، یمن اور دیگر علاقوں میں ٹارگٹڈ کلنگ آپریشنز کے لئے متنازع ڈرون حملے سی آئی اے کے سب سے بڑے ہتھیار کے طور پر سامنے آئے۔ اب اوباما انتظامیہ نے ایک منصوبہ تیار کیا ہے۔
جس کے تحت کاونٹر ٹیررازم سینٹر کے آپریشنز بند کردیئے جائیں گے اور سی آئی اے کو جاسوسی اور اسٹریٹجک تجزیوں کے روایتی کردار کی طرف واپس لایا جائے گا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت ڈرون پروگرام پینٹاگون کے حوالے کیا جارہا ہے۔