کراچی (جیوڈیسک) سندھ میں انٹر کے امتحانات نقل روکنے کے انتظامیہ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ سندھ بھرمیں انٹر کے امتحانات جاری ہیں۔ نقل روکنے کے انتظامیہ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ امتحانی مراکز پر طلبہ و طالبات کھلے عام نقل میں مصروف ہیں۔ تعلیمی بورڈ لاڑکانہ کے زیر اہتمام لاڑکانہ، قمبرشہداد کوٹ، جیکب آباد ، شکارپور ، کندھ کوٹ اور دادو میں امتحانات کے دوران نقل کا سلسلہ نہیں روکا جاسکا۔
کیسے روکا جائے؟کیونکہ پولیس اور محکمہ تعلیم کا عملہ بھی اس نقل میں طلبا کا مددگار نظر آتا ہے۔ طلبہ طرح طرح کے طریقے استعمال کرتے نظر آئے۔نقل کی روک تھام کیلئے تعلیمی بورڈ کے چئیرمین پروفیسر داود میمن نے اساتذہ کی 2 خفیہ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
حیدرآباد، جامشورو، ٹھٹھہ، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈومحمد خان ، بدین اور نواب شاہ سمیت سندھ کے 9 اضلاع میں بھی طلبہ نقل کرتے رہے۔ سکھر،خیرپور، گھوٹکی اور نوشہروفیروز میں بھی نقل زور و شور سے جاری ہے۔