کراچی : سی آئی ڈی کی کارروائی، لیاری گینگ وارکے 3 ملزمان گرفتار

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے شیرشاہ میں سی آئی ڈی پولیس نے کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار کے تین اہم ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے مطابق شیر شاہ پراچہ چوک کے قریب کاروائی کے دوران لیاری گینگ وار کے تین اہم ملزمان عبدالمالک، محمد فاروق اور عقیل احمد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ملزمان کے قبضے سے تین دستی بم، تین ٹی ٹی پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔ ایس ایس پی چوہدری اسلم کا کہنا تھا کہ ملزم محمد فاروق پولیس کو ٹارگٹ کلنگ کی دس سے زائد وارداتوں سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب تھا۔

جبکہ ملزم عقیل احمد نے انتخابات سے چند روز قبل کھارادر میں سیاسی جماعت کے دفتر پر دستی بم حملہ کرکے 14 سے زائد افراد کو زخمی کیا تھا۔چوہدری اسلم کے مطابق ملزم اس سے قبل 2011 میں بھی گرفتار ہوچکا ہے،مزید تفتیش جاری ہے۔