گجرات (جیوڈیسک) گجرات میں حادثے کا شکار ہونے والی وین کے ڈرائیور گرفتار کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ وین سکول مالکان نے ماہوار کرائے پر حاصل کرکھی تھی، مالکان اسکول کو تالا لگا کر فرار ہوگئے ،گجرات میں 17 جانوں کے ضیاع کا ذمے دار کون ہے؟ ڈرائیور کا کہنا ہے کہ چلتی وین کو سی این جی سے پیٹرول پر منتقل کیا تو آگ لگ گئی۔
سکول وین کے ڈرائیور محمد عرفان کا کہنا ہے کہ وہ وین کا مالک نہیں بلکہ 6 ہزار روپے ماہوار پر ملازمت کرتا ہے۔ اس نے سی این جی ختم ہونے پر گاڑی کو پیٹرول پر منتقل کیا تو اچانک آگ لگ گئی۔ ڈرائیور کا کہنا ہے کہ اس نے وین کا دروازہ کھول کر 4بچوں کو نیچے بھی اتارا تھا۔ ڈرائیور کے مطابق اسے کسی بچے نے نہیں بتایا کہ گاڑی سے پیٹرول کی بو آرہی ہے۔
ایس پی ٹریفک ذوالفقار چوہدری نے بتایا کہ ملزم کا لائسنس آزاد کشمیر کا ہے جو اس نے تجدید کے لئے بھیجا ہوا ہے۔ ایس پی کے مطابق اسکول مالکان نے وین کرائے پر لی ہوئی تھی اور واقعہ کے بعد سے وہ اسکول کو تالا لگا کر فرار ہیں۔ پولیس نے گاڑی کے مالکان احسان اور رضوان کو حراست میں لے لیا ہے۔