لندن (جیوڈیسک) لندن متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی سمیت دیگر شعبہ جات میں تنظیم نو کیلئے15 دن سے ایک ماہ کاعرصہ درکار ہوگا۔ تاہم آج جنرل ورکرز اجلاس میں رابطہ کمیٹی اور کراچی تنظیمی کمیٹی کے کچھ ارکان کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا تاکہ تنظیمی کام جاری رہیں۔ الطاف حسین نے یہ بات آج تحلیل شدہ رابطہ کمیٹی، عبوری رابطہ کمیٹی اور مختلف شعبہ جات کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہی۔
الطاف حسین نے کہاکہ حالات کے جبر کی وجہ سے نچلی سطح پر ایم کیوایم کی تنظیم نو کافی عرصہ سے نہیں ہوسکی ، دہشت گردی کے واقعات اورسیکیورٹی خدشات کے باعث ذمہ داران نائن زیرو تک محدود رہے جو تنظیم میں سامنے آنے والی بعض کمزوریوں اورکوتاہیوں کی ایک بڑی وجہ ہے۔
لیکن اب وہ تحریکی ساتھیوں کے تعاون سے تنظیم نو میں دن رات مصروف ہیں ، ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی سمیت دیگر شعبہ جات میں تنظیم نو کے سلسلے میں انٹرویوز جاری ہیں۔ انہوں نے اعلان کیاکہ معاون ساتھیوں کے مشوروں سے تحریک کے سینئر ساتھی ندیم نصرت کو انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں رابطہ کمیٹی کا عارضی انچارج مقررکردیا گیا ہے۔