بھارت (جیوڈیسک) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں باغیوں کے حملے میں کانگریس پارٹی کے سینئر رہنمائوں سمیت 23افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔حملے میں کانگریس کے سینیئر رہنما مہندر کرما کے علاوہ سابق رکن اسمبلی ادے مودلیار اور گوپی مادھوانی موقع پر ہی مارے گئے تھے جبکہ باغی حملے کے بعد کانگریس کے ریاستی صدر اور سابق وزیراعلی نند کمار پٹیل اور ان کے بیٹے دنیش کو اغوا کر کے لے گئے تھے۔
حملے میں زخمی ہونے والے پارٹی کے سینیئر رہنما ودیا چرن شکلا کی حالت تشویشناک ہے۔ انہیں پیٹ اور پیر میں کئی گولیاں لگی ہیں۔وزیراعظم منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی آج چھتیس گڑھ پہنچ رہے ہیں جبکہ کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی پہلے ہی وہاں پہنچ چکے ہیں۔وزیر اعلی رمن سنگھ نے اس واقعہ کے بعد ریاست میں تین دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔