آل سندھ انور خان فٹ بال ٹورنامنٹ میں پاکستان اسٹل مل اور اُسامہ اسپورٹس سیمی فائنل میں پہنچ گئے

کراچی : شاہ فیصل ٹائون کے تعاون سے رحیم محمڈن اور اُسامہ اسپورٹس کے زیر اہتمام شاہ فیصل ٹائون فٹ بال اسٹیڈیم میں جاری آل سندھ انور خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ میں کوارٹر فائنل مرحلے کے آخری دو میچوں میں پاکستان اسٹل مل اور اُسامہ اسپورٹس کامیابی سے ہمکنار ہوکر سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔

ٹورنامنٹ میں کوارٹر فائنل میچ میں پاکستان اسٹل مل نے ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد سخت حریف ماری پور بلوچ کو پنالٹی ککس پر 4-2سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی دوران کھیل مقابلہ 2-2گول سے برابری پر ختم ہوا پاکستان اسٹل مل کی جانب سے وسیم اور مقبول جبکہ ماری پور بلوچ کی جانب سے عبدالرشید اور عبدالقیوم نے خوبصورت گول کئے کھیلے گئے۔

چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میچ میں میزبان کلب اُسامہ اسپورٹس نے الواجد اسپورٹس کو 1-1گول سے برابری کے بعد پنالٹی ککس پر 3-2سے زیر کرکے سیمی فائنل میں پہنچ گئی میچ کے دوران پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا تاہم دوسرے ہاف میں الواجد اسپورٹس کے شہزاد نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی سبقت دلا دی لیکن کھیل کے آخری لمحات میں اُسامہ اسپورٹس کے مظہر نے نہایت شاندار گول کرکے اس برتری کا خاتمہ کردیا۔

چیئر مین اُسامہ اسپورٹس حاجی الیاس اعوان نے ٹیم کی شاندار کامیابی پر تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُمید طاہر کی کہ ٹیم سیمی فائنل میں بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا فٹ بال میں پاکستان کا نام روشن کرے گی ۔ٹورنامنٹ
کے کوارٹر فائنل میچوں میں ریفری کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری جاوید بنگش ،سعید خان ،محمد طاہر ،ذاہد علی ،اسد محمود اور سلیم شاہ نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر شیر افضل تھے۔