جامع مسجد بابا غریب شاہ بخار یاور نوجوانانِ غلامانِ مصطفی کے زیر اہتمام گلشن ملیر شاہ فیصل ٹائون میں محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تقریب سے خطاب

کراچی : الحاج خواجہ محمد یوسف تقشبندی آف ملتان شریف نے کہا ہے کہ شب معراج اسلام کی تاریخ میں ایک اہم واقعہ ہے اور اس پر ایمان لانا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔امام جعفرصادق نے فرمایا ہے جو معراج کے واقعہ پر یقین نہیں رکھتا وہ ہم میں سے نہیں ہے ۔قران کریم میں بھی اس مقدس رات کا ذکر ہے۔

جس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ماہ رجب کی 27تاریخ کو اللہ تعالیٰ نے حضرت جبرائیل کو حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بھیجا انہیں ساتوں آسمانوں کی سیر کے لئے اور قران کریم میں اس با برکت سفر کو معراج کا نام دیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد با با غریب شاہ بخاری (گلشن ملیر)رفاہ عام سوسائٹی شاہ فیصل ٹائون میں انتظامیہ مسجد و نوجوانانِ غلامانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے زیر اہتمام منعقدہ محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

محفل سے حضرت علامہ مولانا اعجاز حسین شاہ ،حضرت علامہ مولانا غلام غوث چشتی ،سید عرفان شاہ ،حاجی مراد علی بلوچ اور تقریب کے میزبان عاشق حسین ،سید روشان علی بخاری،یاسر انصاری نے بھی خطاب کیا ۔محفل سے خطاب کرتے ہوئے الحاج خواجہ محمد یوسف تقشبندی آف ملتان شریف نے مزید کہا کہ 27رجب کی شب حضرت جبرائیل حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر حاضر ہوئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نیند سے بیدار کیا اور اللہ کا پیغام آپ تک پہنچایا۔

حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے نیند سے بیدار ہوکر وضو فرمایا اور اپنے گھر سے باہر تشریف لے آئے پہلے آپ صلی اللہ علیہ وسلم خانہ کعبہ تشریف لے گئے اور وہاں سے مسجد اقصیٰ تشریف لے گئے مسجد اقصیٰ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ساتوں آسمانوں کی طرف سفر شروع کیا۔

جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم سدرة المنتہیٰ پہنچے تو حضرت جبرائیل نے عرض کیا کہ میرا اور آپ کا ساتھ یہاں تک کا ہی تھا اس سے آگے جانے پر میں جل جائوں گا آگے کا سفر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اکیلے ہی طے کرنا ہے لہذا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے آگے کا سفر اکیلے ہی طے فرمایا اس مقدس رات آپ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ سے ہم کلام ہوئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بہت سے مقامات دکھائے گئے اور فرشتوں سے ملاقات فرمائی۔

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سب کو نماز پڑھائی اس رات آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو جنت اور دوزخ بھی دکھا ئے گئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے طرح طرح کی سزا میں مبتلا لوگوں کو دیکھا اس رات اُمت محمڈی کو پانچ نمازوں کا تحفہ دیا گیا اور ساتھ ہی ان پانچ نمازوں کی ادائیگی کے بدلے میں پچاس نمازوں کے ثواب کی بشارت سنائی گئی ۔27رجب کی با برکت رات میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سارا وقت عبادت میں گزاری اور سارا دن روزہ میں رہے اس دن عبادت کو زیادہ درجہ دیا گیا ہے۔

الحاج خواجہ محمد یوسف تقشبندی آف ملتان شریف نے کہا ہے شب معراج پر یقین رکھنا ایمان کا حصہ ہے معجزات ِمعراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھ کر اس رات پر ایمان اور بھی مضبوط ہوجاتا ہے ۔انہوں نے اس عظیم الشان اور پور نور محفل کے انعقاد پر انتظامیہ مسجد کمیٹی ،منتظمین خصوصاً نوجوانانِ غلامانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے ذمہ دران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے خصوصی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس با برکت محفل کے انعقاد کے صدقے ہمیں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم
کی سیرت پر چلنے اور نیک عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔