لاہور(جیوڈیسک) لاہور، ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آگئی، محکمہ موسمیات نے آج لاہور، گوجرانوالہ اور سرگودھا ڈویژن میں بھی رم جھم کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے گرمی کی لہر میں آج مزید کمی کی خوشخبری سنادی ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
فیصل آباد اور راولپنڈی ڈویژنز میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ اندرون سندھ کے میدانی علاقے آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مری، اسلام آباد، جہلم، میر پور، دیر بالا اور بھمبر سمیت کئی علاقوں میں گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے بارش رحمت بن گئی۔
جس کے بعد گرمی کی شدت سے گھبرائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ استور میں سب سے زیادہ اکہتر ملی میٹر بارش ہوئی، لاہور میں اڑتالیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ درجہ حرارت میں کمی کے بعد شہریوں نے سکون کا سانس لیا ہے۔