تحریک انصاف نے فرینڈلی اپوزیشن کا تاثر زائل کیا: جاوید ہاشمی

Javed Hashmi

Javed Hashmi

ملتان (جیوڈیسک) ملتان تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت نے نواز شریف کے مدمقابل وزیراعظم کا امیدوار نامزد کر کے فرینڈلی اپوزیشن کا تاثر زائل کیا ہے۔ ملتان اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ انتخابات جمہوریت کا حسن ہیں اور جمہوری عمل کو جاری رکھنے کے لئے نواز شریف کے مدمقابل الیکشن لڑوں گا۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ اگرچہ مرکز میں حکومت نہیں تاہم ڈرون حملے رکوانے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف موجودہ حالات میں بھی مزید صوبوں کے حق میں ہے لیکن پیپلز پارٹی نے الیکشن کے دوران نئے صوبوں کی آواز کو صحیح انداز میں بلند نہیں کیا۔ جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ لوڈشیڈنگ کے باعث ملکی ترقی منجمند ہو گئی ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔