اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد گجرات بس وین حادثے میں بچوں کی ہلاکتوں پر ازخودنوٹس کیلیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ ذمہ داروں کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ چلانے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست پیپلز پارٹی کے سینیٹر ڈاکٹر بابر اعوان نے دائر کی۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے سانحہ گجرات میں بچوں کی ہلاکت پر ازخود نوٹس لے اور ذمہ داروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست گزار نے ذمہ داروں کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ بنانے اور انتظامیہ سے ملک بھر میں گیس پر چلنے والی گاڑیوں کی تفصیلات طلب کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔درخواست میں چیف سیکرٹری پنجاب، چاروں صوبائی ہوم سیکرٹریز، تمام انسپکٹرز جنرل آف پولیس اور موٹر وہیکل اتھارٹی کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔