ویب سائیٹ پر دوستی یااغوا برائے تاوان،بچہ بازیاب،4اغوا کار ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی(جیوڈیسک) کراچی حب کے قریب اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کے بعد ڈیفنس کے علاقے سے اغوا کئے جانے والے بچے کو بازیاب کرلیا ہے جبکہ مقابلے میں 4 اغوا کار ہلاک ہوگئے۔ اغوا برائے تاوان یا سماجی ویب سائیٹ پر دوستی کا شاخسانہ،ایک بڑے ڈرامے کا ڑاپ سین ہوگیا۔دوستی کا جھانسا دے کر اغوا کیے جانے والا 13 سالہ مصطفی بازیاب کر ا لیا گیا۔سی پی ایل سی چیف احمد چنائے کے مطابق جمعے کے روز 13 سالہ مصطفی کو ڈیفنس فیز 4 میں واقع اسکول کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا۔

بازیاب کیا جانے والا بچہ کسٹم کے اعلی افسر کا بیٹا ہے،ایس ایس پی اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل نیاز کھوسو کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے مصطفی کی رہائی کے لئے والدین سے 5 کروڑ روپے تاوان کی رقم کا مطالبہ کیا۔ جس کے بعد اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی نے علی الصبح حب کے علاقے میں ٹارگیٹڈ کارروائی کرتے ہوئے مصطفی کو بازیاب کرالیا۔

مقابلے کے دوران 4 اغوا کار مارے گئے جبکہ ایک اغوا کار زخمی بھی ہوا اور فائرنگ کے تبادلے میں 2 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔سی پی ایل سی چیف احمد چنائے کے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق اغوا کاروں کا تعلق لیاری کے گینگ وار سے ہے۔ مصطفی نے بتایا کہ اغوا کاروں نے اس پر تشدد بھی کیا۔مصطفی کی والدہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ افسوس ناک ہے۔ اور انجان لوگوں سے انٹرنیٹ پر دوستی کرنے والوں کیلیے سبق ہے۔