اسلام آباد (جیوڈیسک) بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی تفصیلات قائمہ کمیٹی میں پیش کی گئیں۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی جیلوں میں 469 پاکستانی قید ہیں۔30 قیدیوں کو سزا پوری ہونے کے باوجود رہا نہیں کیا جا رہا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس حاجی عدیل کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ وزارت خارجہ نے بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی حالت زار کے بارے میں کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت چار سو انہتر پاکستانی بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔ ان میں 146 ماہی گیر بھی شامل ہیں جبکہ متعدد قیدی غلطی سے سرحد پار کرنے کی پاداش میں سزا بھگت رہے ہیں۔
بھارت نے 197 قیدیوں تک پاکستانی قونصلر کو رسائی نہیں دی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ 30 پاکستانی قیدی اپنی سزا پوری کر چکے ہیں لیکن انہیں رہا نہیں کیا جارہا۔ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ بیرون ملک پندرہ سفیروں کی تقرریاں سیاسی بنیادوں پر ہوئیں۔
سفیروں کی سیاسی تقرریاں حکومت کرتی ہے۔ حکومت ختم ہونے کے ساتھ ہی سیاسی تقرریوں پر تعینات سفیروں کا کنٹریکٹ ختم ہو جاتا ہے۔ کمیٹی نیسفارش کی کہ سفیروں کیلئے پندرہ فیصد سیاسی تقرریاں ہونی چاہیے۔