قومی اسمبلی : خواتین کی مخصوص نشستیں ، ن لیگ کو 24 سیٹیں ملیں گی

National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کو خواتین اور اقلیتوں کی الاٹ کردہ مخصوص نشستوں کی متوقع فہرست دنیا نیوز کو موصول ہو گئی۔ مسلم لیگ ن کو اقلیتی کوٹے میں چھ اور چوبیس خواتین کی مخصوص نشستیں ملیں گی۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق پیپلز پارٹی کو قومی اسمبلی میں خواتین کے کوٹے میں آٹھ اور ایم کیو ایم کو پانچ نشستیں ملیں گی۔ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی چھ نمائندہ خواتین ہوں گی جبکہ فنکشنل لیگ ، نیشنل پیپلز پارٹی ، جے یو آئی ف ، جماعت اسلامی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی ایک، ایک رکن اسمبلی خواتین کی مخصوص نشستوں پر بیٹھیں گی۔

اقلیتی کوٹے میں پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور جے یو آئی ف کو ایک، ایک نشست ملے گی۔ حواتین کی مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ نون کی نمائندگی کرنے والوں میں بیگم مجیدہ وائیں ، انوشے رحمان ، زیب جعفر، طاہرہ اورنگزیب سمیت دیگر خواتین کے نام شامل ہونے کا امکان ہے۔

پیپلز پارٹی کی متوقع رکن اسمبلی فریال تالپور ، شگفتہ رحمانی ، نفیسہ شاہ اور شازیہ مری ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر شیری مزاری، منزہ حسن اور نفیسہ عنائت اللہ متوقع طور پر ارکان اسمبلی ہوں گی۔