کراچی (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نیچیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مشیر عالم کے اعتراض پر سندھ میں بنائے جانے والے تینوں الیکشن ٹربیونلز کو تحلیل کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سندھ میں انتخابی عذرداریوں کی سماعت کیلئے تین ریٹائرڈ سیشن ججز سید کوثر بخاری کو کراچی ، قاضی اللہ بخش کو حیدر آباد اور سید جمیل رضا زیدی کو سکھر الیکشن ٹربیونل کا انچارج بنایا تھا۔
ان ریٹائرڈ ججز کو گریڈ 22 میں ایک سال کیلئے تعینات کیا گیا تھا۔ نوٹیفیکیشن جاری ہونے پر سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے ان تقرریوں پر اعتراض کیا اور چیف الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر تحفظات کا اظہار کیا۔
خط میں کہا گیا تھا کہ ٹربیونل کی تقرری ہائیکورٹ کرتا ہے لیکن الیکشن کمیشن نے مشاورت بھی نہیں کی۔ اس خط پر الیکشن کمیشن نے تینوں ٹریبونلز کو تحلیل کر کے چیف جسٹس ہائیکورٹ سے ججز کے نام تجویز کرنے کیلئے درخواست کر دی ہے۔