پاکستان کو ایٹمی دھماکے کیے 15 سال مکمل، آج یوم تکبیر

Nuclear Explosion

Nuclear Explosion

پاکستان (جیوڈیسک) پاکستان کو ایٹمی دھماکے کئے آج پندرہ سال مکمل ہو گئے، 28 مئی 1998 کے دھماکوں کے بعد پاکستان نے ایٹمی صلاحیت میں مسلسل ترقی کی جس سے اسے روایتی دشمن بھارت پر فوقیت حاصل ہو گئی ہے۔پاکستان اپنی خواہش کی بنیاد پر ایٹمی طاقت نہیں بنا، 1974 میں بھارت کی جانب سے ایٹمی دھماکے کئے جانے کے بعد پاکستان نے بھی ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لئے کوششیں شروع کر دیں۔

1998 میں پاکستان ایٹمی دھماکے کر کے باقاعدہ طور پر ایک ایٹمی صلاحیت رکھنے والے ملک کے طور پرسامنے آیا۔ گزشتہ پندرہ سالوں میں پاکستان نے ایٹمی صلاحیت میں مسلسل ترقی کی ہے، جس کی وجہ سے خطے میں پاکستان کو اپنے روایتی دشمن بھارت پر نہ صرف فوقیت حاصل ہے بلکہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

1998 میں جب پاکستان نے ایٹمی دھماکے کیے تو پابندیوں کا سامنا کرنا پرا مگر وقت کے ساتھ ساتھ پاکستان دنیا میں ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اگر بھارتی عزائم اور اس کے جنگی جنون کا جائزہ لیا جائے تو بھارت آنے والے سالوں میں اربوں ڈالر کا ملٹری ہارڈ ویئر خرید رہا ہے مگر بھارت پاکستان کے خلاف اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکا جس کی واحد وجہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت ہے۔