پشاور، پولیو ٹیم پر فائرنگ سے محکمہ صحت کے دو خواتین جاں بحق

Peshawar

Peshawar

پشاور(جیوڈیسک) پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں انسداد پولیو کی ٹیم پر فائرنگ سے دو خواتین جاں بحق ہو گئیں۔ پشاور اور نیم قبائلی علاقے درہ آدم خیل کے سنگم پر واقع گائوں بڈھ بیر میں بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جا رہے تھے۔ اس دوران محکمہ صحت کی اہلکار خواتین پر دو افراد نے گولیاں چلا دیں جس سے ایک اہلکارجاں بحق ہو گئی۔

دوسری خاتون کو شدید زخمی حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور پہنچایا گیا لیکن وہ بھی دم توڑ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور سیاہ کپڑے پہنے ہوئے تھے اور چہرے ڈھانپ رکھے تھے۔

پشاور اور آس پاس کے علاقوں میں حملوں کے خطرے کے پیش نظر اب باقاعدہ اعلان کر کے مہم نہیں چلائی جاتی بلکہ پولیو سے بچائو کے قطروں سے محروم رہ جانے والے بچوں کو مختلف دنوں میں قطرے پلانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ایس پی رورل شفیع اللہ کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کی نشاندہی پر قاتلوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔